ویلفیئر ایمپلائز یونین، محنت کش یونین اور لیبر اتحاد یونین کا مشترکہ اجلاس

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان کی تینوں یونینز ،ویلفیئر ایمپلائز یونین، محنت کش یونین اور لیبر اتحاد یونین کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تینوں یونینز کے مرکزی عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ورکرز کو درپیش سنگین مسائل کے حل کے لئے نئی مشترکہ حکمت عملی تیار کی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی، اجلاس کی صدارت سی بی اے یونین کے جنرل سیکرٹری حماد افضل ڈوگر نے کی۔
اجلاس میں سینیئر نائب صدر ریاض خان خاکوانی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک عامر اعوان، ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ریاض مسیح، سنی یوسف مسیح، صدر شیخ اسماعیل ڈویژن ملتان ، ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری رضوان احمد بھٹہ، صدر اللہ دتا لاہوری، لیبر اتحاد یونین ملتان کے صدر، سرپرست اعلیٰ اختر جوئیہ ، چیئرمین غلام فرید ڈیرے وال اور وائس چیئرمین غلام رضا ڈیرے وال نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملازمین کی تنخواہوں سے ہر ماہ بلاجواز کٹوتیوں، چھٹیوں اور تبادلوں میں ہونے والی مبینہ کرپشن، وردی، بوٹس اور دیگر حفاظتی سامان کی عدم دستیابی، گاڑیوں کی ناقص مینٹیننس اور فیول کے مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء نے کہا کہ کنٹریکٹ، ڈیلی ویجر اور مستقل ملازمین کو ٹھیکیداروں کی جانب سے ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے اور ورکرز کو بلیک میل کرنے جیسے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، جو ناقابل برداشت ہیں۔
اجلاس میں اربوں روپے مالیت کی مشینری کی ناقص دیکھ بھال، ناقص ڈیزل کے استعمال سے گاڑیوں کے انجن تباہ ہونے اور مبینہ کرپشن کے معاملات کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
یونین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر ورکرز کو بنیادی سہولیات اور ان کا جائز حق نہ ملا تو صفائی کا نظام مزید تباہ ہو جائے گا، جس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہو گی۔
تمام یونین عہدیداران نے متفقہ طور پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ان تمام مسائل کا نوٹس لیں، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں اور ملازمین کو انصاف فراہم کریں۔
اجلاس میں عندیہ دیا گیا کہ اگر مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ ہوا تو آئندہ دنوں میں مشترکہ احتجاجی حکمت عملی کا اعلان کیا جائے ۔


















