اساتذہ کی سکیل اپ گریڈیشن کی جامع پالیسی تیار کرلی گئی

محکمہ تعلیم پنجاب نے اساتذہ کی سکیل اپ گریڈیشن سے متعلق واضح اور جامع پالیسی متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت تدریسی کیڈر کو دو بنیادی کیٹیگریز میں منظم کیا گیا ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق سابقہ پرائمری سکول ٹیچرز اور ایلیمنٹری سکول ٹیچرز کو یکجا کر کے سکول ٹیچر (ایس ٹی) سکیل 16 میں شامل کیا جائے گا، جس کا مقصد تدریسی ڈھانچے میں ہم آہنگی، شفافیت اور انتظامی آسانی پیدا کرنا ہے، جبکہ تمام سابقہ ایس ایس ٹیز کو سینیئر سکول ٹیچر ایس ایس ٹیز کوسکیل 17 میں شامل کر کے تجربہ کار اساتذہ کے کردار کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔
حکام کا کہناہے کہ وہ سکول ٹیچرز جن کی تعلیمی قابلیت ایم اے یا ایم ایس سی ہے، انہیں ارلی چائلڈ ایجوکیشن سے لے کر گریڈ 12 تک تدریسی فرائض سرانجام دینے ہوں گے اور انہیں محکمانہ ضرورت کے مطابق کسی بھی تعلیمی ادارے میں تعینات کیا جا سکے گا، جس سے انکار قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام تعلیمی معیار کی بہتری، افرادی قوت کے مؤثر استعمال اور ایک منظم تدریسی کیڈر کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو صوبے کے تعلیمی مستقبل کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔




















