اساتذہ کی ترقی کے لئے نئی ہدایات جاری

محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور راولپنڈی ڈویژنز میں تعینات ایس ایس ٹی، ایس ایس ٹی (سائنس)، ایس ایس ٹی (میتھ) اور ایس ایس ٹی (عربی) اساتذہ کی ترقی سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (سیکنڈری) کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں کیا گیا ہےکہ پی ایس ٹی سے ایس ایس ٹی (آرٹس، سائنس، میتھ اور عربی) میں ترقی کے لیے 31 دسمبر 2025 تک سروس مکمل ہونا لازمی ہے۔
مراسلے کے مطابق اہل اساتذہ اپنی درخواستیں مکمل دستاویزات کے ساتھ متعلقہ چینل کے ذریعے جمع کرائیں گے، جن میں اے سی آر، سروس بک، تقرری و تعیناتی کے احکامات، تعلیمی و پیشہ ورانہ اسناد، اضافی قابلیت کے سرٹیفکیٹس اور ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ڈگریاں شامل ہوں گی۔
پی ایس ٹی (آرٹس) جن کی ابتدائی تقرری 03 اکتوبر 2002 کو ہوئی، پی ایس ٹی (سائنس اور میتھ) جن کی تقرری 01 اگست 2018 کو ہوئی جبکہ پی ایس ٹی (عربی) اساتذہ جن کی ابتدائی تقرری 09 دسمبر 2006 کو ہوئی، وہ تمام 10 جنوری 2026 تک مکمل چیک لسٹ کے مطابق اپنے کیسز جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ نامکمل یا غیر تصدیق شدہ دستاویزات کی صورت میں ترقی کے کیسز ناقابلِ غور ہوں گے اور صرف وہی کیسز ڈی پی سی یا ڈی ڈی سی میں پیش کیے جائیں گے جو مکمل چیک لسٹ کے مطابق ہوں۔




















