سیکنڈری سکول ٹیچرز کی پروموشن کے حوالے سے محکمہ سکولز نے مراسلہ جاری کردیا

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری)، ملتان کی جانب سےجاری کردہ اعلامیے کے مطابق پروموشن کیسز کو پنجاب حکومت اور محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جاری کردہ پالیسی اور قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹایا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سیکنڈری اسکول ٹیچرز جو 31 دسمبر 2000 تک بھرتی ہوئے تھے اور جن کی 31 دسمبر 2008 تک سروس مکمل ہو چکی ہے، وہ پروموشن کے لیے اہل تصور کیے جائیں گے۔ ان اساتذہ کی پروموشن پی ایل ٹی یا دیگر متعلقہ کیڈر کی آسامیوں پر قواعد کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق ایسے تمام اہل اساتذہ کے کیسز کو جانچ پڑتال کے بعد متعلقہ اتھارٹیز کو ارسال کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی حق تلفی نہ ہو۔
اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ پروموشن کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جائے گا اگر کسی استاد کے سروس ریکارڈ یا دستاویزات میں کمی بیشی پائی گئی تو اس کی ذمہ داری متعلقہ افسران پر عائد ہوگی، جبکہ نامکمل کیسز پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) ملتان کی جانب سے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پروموشن سے متعلق کیسز کو فوری طور پر مکمل کریں اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق آگے بھجوانا یقینی بنائیں، تاکہ اہل اساتذہ کو ان کا جائز حق بروقت مل سکے۔
تعلیمی حلقوں نے اس نوٹیفکیشن کو اساتذہ کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ طویل عرصے سے زیر التوا پروموشن کے مسائل جلد حل ہوں گے اور تدریسی عملہ مزید دلجمعی کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دے سکے گا۔




















