نذیر چوہان نے عمران خان سے معافی مانگ لی، ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان نے جہانگیر ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کردیا، عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد نذیر چوہان کو جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں نذیر چوہان نے ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھاکہ میرا ترین گروپ سے کوئی تعلق نہیں، جہانگیر ترین نے مجھے استعمال کیا اور مشکل میں مجھے فون کال تک نہیں کی۔ میں جہانگیر ترین کی ہر پیشی پر گیا اور میں نے جہانگیر ترین کو اپنا لیڈر مانا لیکن وہ اس قابل نہیں۔ میرا ایک ہی لیڈر ہے اور رہے گا، اس کا نام عمران خان ہے۔
جہانگیرترین کو شرم آنی چاہیے کہ انہوں نے اسپتال آکر میرا حال تک نہیں پوچھا، اس معاملے میں بہت سے منافق لوگوں کے چہرے سامنے آگئے۔
رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد شکریہ ادا کرنے وزیر جیل فیاض الحسن چوہان کی رہائش گاہ پہنچے۔ فیاض چوہان نے مٹھائی کھلا کر نذیر چوہان کو معاملہ حل ہونے اور رہائی پر مبارکباد دی۔
میڈیا سے گفتگو میں نذیر چوہان جہانگیر ترین پر برہم ہوگئے نذیر چوہان کا کہنا تھا کہ بہت سے منافق لوگوں کے چہرے سامنے آگئے۔ جہانگیر ترین کے لیے ہم روزہ رکھ کر عدالتوں میں پیش ہوتے رہے، ترین گروپ کے دیگر ارکان کو میری مثال سے سبق سیکھنا چاہیے۔
فیاض چوہان نے کہا کہ میں نے اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد اس تنازع کو حل کرنے میں کردار ادا کیا، شہزاد اکبر نے بھی بڑے پن کامظاہرہ کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کیا۔ ہمارا کوئی اختیار نہیں کہ ہم کسی کے عقیدے پر اعتراض کریں اور بات کریں۔




















