قائم مقام صدرِ پاکستان و چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زکریا یونیورسٹی آمد

قائم مقام صدرِ پاکستان و چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کے دور میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، گومل یونیورسٹی اور زکریا یونیورسٹی جیسے عظیم تعلیمی ادارے قائم کیے گئے تاکہ ملک کے تمام شہریوں کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔ ان اداروں کے قیام کا مقصد صوبوں اور پسماندہ علاقوں میں علم کی روشنی پھیلانا تھا۔
وہ زکریا یونیورسٹی میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، تقریب میں اساتذہ، یونیورسٹی انتظامیہ اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے گیلانی لا کالج، سرائیکی ایریا اسٹڈی سنٹر قائم کیا جبکہ طلباء کی سہولت کے لیے ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو بھی یقینی بنایامیرے دور حکومت میں 100 سے زیادہ سکالر شب دیئے گئے
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں اپنے ہی علاقوں میں معیاری تعلیم فراہم کر کے طلبہ کو دور دراز شہروں کا رخ کرنے سے بچاتی ہیں، جو ایک بڑی سہولت ہے اساتذہ اور فیکلٹی کسی بھی یونیورسٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں اور یہی افراد معاشرے کے معمار ہوتے ہیں، پاکستان کا مستقبل ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے جو ان تعلیمی اداروں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
قائم مقام صدر نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ سرکاری جامعات کو مناسب اور منصفانہ بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو یونیورسٹیاں بہتر کارکردگی دکھا رہی ہوں انہیں مزید وسائل دیے جائیں، نہ کہ سزا کے طور پر ان کے بجٹ میں کمی کی جائے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ شجاع آباد میں یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ وہاں کے طلبہ کو گھر کے قریب اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بات کریں گے اور انہیں یقین ہے کہ وہ اس منصوبے کی منظوری سے انکار نہیں کریں گی۔
بعد ازں انہوں نے ڈاکٹر محمد بن یامین صدر، ڈاکٹر سمرہ مسعود نائب صدر، سیف اللہ قریشی سیکرٹری، ڈاکٹر حسیب الرحمٰن جوائنٹ سیکرٹری اور ڈاکٹر عامر اسماعیل فنانس سیکرٹری ایگزیکٹو ممبران میں ڈاکٹر اقصیٰ ارم شہزادی، ڈاکٹر رقیہ صفدر باجوہ، ڈاکٹر شعیب اختر، ڈاکٹر فیصل ایوب کیانی، انجینئر راؤف احمد، ڈاکٹر فرقان محمد اقبال، ڈاکٹر حفیظ محمد فیاض اور محمد احسن اقبال ہاشمی سے حلف لیا۔
آخر میں قائم مقام صدر پاکستان نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن اساتذہ کے مسائل کے حل، تعلیمی معیار کی بہتری اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرے گی۔


















