چیف کمرشل مینیجر پاکستان ریلوے کا ملتان سٹیشن کا تفصیلی دورہ

چیف کمرشل منیجر پاکستان ریلوے طارق انور سپرا نے ملتان ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ویٹنگ رومز اور واش رومز کی صفائی ستھرائی، دستیاب سہولیات اور مجموعی انتظامات کو چیک اور مانیٹر کیا گیا۔
اس موقع پر اسٹیشن سپرنٹینڈنٹ ملتان کو مسافروں کی سہولت میں مزید بہتری لانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
چیف کمرشل منیجر نے بکنگ آفسز، ٹی سی آر آفس اور وینڈنگ اسٹالز کا بھی معائنہ کیا، وینڈنگ اسٹالز پر فروخت ہونے والی اشیاء کے معیار کو چیک کیا گیا اور غیر معیاری اور غیر متعلقہ اشیاء کی فروخت پر سخت ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ مسافروں کو معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی پر خصوصی زور دیا گیا۔
اس موقع پر چیف کمرشل منیجر طارق انور سپرا نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ عملہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور احسن طریقے سے سر انجام دے۔
بعد ازاں چیف کمرشل منیجر نے ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ ملتان افتخار حسین سے ملاقات کی، جس میں مسافروں کی سہولیات اور کمرشل امور سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


















