Paid ad
Breaking NewsEducationتازہ ترین

سرکاری سکولوں کی مانیٹرنگ کا باضابطہ آغاز

پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلباء کے داخلوں میں مسلسل کمی کے پیشِ نظر سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کی مانیٹرنگ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، اس اقدام کا مقصد داخلوں میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات کا عملی جائزہ لینا اور تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق داخلہ مہم کےلئے تمام کوششوں کو تفصیل سے جانچا جائے گا، جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ انرولمنٹ سے متعلق فراہم کردہ تمام معلومات قابلِ تصدیق، مستند اور مکمل دستاویزی شواہد پر مشتمل ہوں۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ڈیٹا کی اپ گریڈیشن کے لیے اختیار کیے گئے طریقۂ کار، کی گئی انفرادی و اجتماعی کوششوں اور ٹیم ورک کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران باہمی ہم آہنگی، ڈیٹا کی یکسانیت اور ادارہ جاتی ذمہ داری پر خصوصی زور دیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی غلط بیانی، مبالغہ آرائی یا تضاد سے بچا جا سکے۔

اس ضمن میں مزید بتایا گیا ہے کہ فیلڈ افسران سکول انفارمیشن سسٹم (SIS) پر طلبہ کے داخلوں کا مکمل اور درست ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے، جس کی مسلسل اور مؤثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف داخلوں کے عمل میں شفافیت آئے گی بلکہ سرکاری سکولوں میں طلبہ کی تعداد میں اضافے میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔

محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ یہ مانیٹرنگ مہم تعلیمی معیار کی بہتری، انتظامی نظم و ضبط کے فروغ اور سرکاری سکولوں پر عوامی اعتماد کی بحالی کی جانب ایک اہم اور فیصلہ کن قدم ثابت ہوگی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button