فیڈرل بورڈ نے داخلہ بھیجنے کی تاریخ میں توسیع کردی

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے ہائیر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ اوّل (پہلا سالانہ امتحان) 2026 کے لیے آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے 3 فروری 2026 کو جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، طلباء اب عام فیس کے ساتھ داخلہ فارم 9 فروری 2026 تک جمع کروا سکتے ہیں، اس سے قبل مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد بڑی تعداد میں طلباء کی جانب سے توسیع کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
نوٹیفکیشن میں اُن طلباء کے لیے نظرِ ثانی شدہ شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے جو عام فیس کی آخری تاریخ سے محروم رہ جائیں۔ اعلامیے کے مطابق، داخلہ فارم دوہری فیس کے ساتھ 10 فروری سے 17 فروری 2026 تک جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ 18 فروری سے 24 فروری 2026 تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
فیڈرل بورڈ کے مطابق یہ تازہ نوٹیفکیشن جنوری میں جاری کیے گئے پہلے اعلامیے میں جزوی ترمیم کے طور پر جاری کیا گیا ہے۔
بورڈ نے طلباء اور تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نظرِ ثانی شدہ شیڈول پر سختی سے عمل کریں تاکہ اضافی لیٹ فیس سے بچا جا سکے۔




















