سات ماہ بعد بھی میٹر نہ لگ سکے

جولائی 2025 میں سنگل فیز کنکشن کیلئے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروانے والے سینکڑوں درخواست گزاروں کے کنکشن 7 ماہ بعد بھی انسٹال نہ ہوسکے۔
ذرائع کے مطابق جولائی 2025 میں میپکو کی طرف سے گھریلو و کمرشل سنگل فیز کنکشنوں کے لئے سٹیٹک میٹرز کی تنصیب کیلئے ڈیمانڈ نوٹسز جاری کئے گئے اور اس مد میں کروڑوں روپے جمع کرلئے گئے لیکن 7 ماہ گزرنے کے باوجود سینکڑوں درخواست گزاروں کے کنکشن نہ لگ سکے۔
متعلقہ سب ڈویژنوں کا عملہ فی سٹیٹک میٹر 10 ہزارروپے رشوت طلب کر رہاہے، مطلوبہ رشوت نہ دینے والوں سے کہا گیاہے کہ تمہارے ڈیمانڈ نوٹس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، اب سٹیٹک کی بجائے اے ایم آئی سنگل فیز میٹر لگیں گے، این او سی لو اور اے ایم آئی میٹر الگ سے خود مارکیٹ سے 16 سے 18 ہزار۔ روپے میں خرید کرو اور 2 ہزار روپے رشوت دے کر سم انسٹال کراکر کنکشن لگوائو۔
اصل صورتحال یہ ہے کہ جولائی 2025 میں ڈیمانڈ نوٹس ادا کرنے والے درخواست گزاروں کے سٹیٹک میٹرز عملہ نےفیلڈ سٹورز سے حاصل کرکے غائب و بلیک کردئیے اور 10 ہزار روپے اور اس سے زائد رشوت دینے والوں کے میٹرز لگانا شروع کئے جو ابھی تک لگائے جارہے ہیں۔
سنگل فیز اے ایم آئی میٹرز کا نوٹیفکیشن اگست 2025 میں ہوا تھا۔کرپشن کے اس کھیل میں سات ماہ بعد بھی میٹر نہ لگ سکے ۔
اس کھیل میں میپکو کے مختلف افسران و اہلکاران ملوث ہیں۔
متاثرہ درخواست گزاروں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر جام گل محمد زاہد سے صورتحال کا نوٹس لیکر دادرسی کرنے کی استدعا کی ہے۔




















