8ویں کے امتحانات : 80 کروڑ کی گرانٹ مانگ لی گئی

پیکٹا نے آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحان کے لیے حکومتِ پنجاب سے 80 کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ مانگ لی۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) نے آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے انعقاد کے لیے حکومتِ پنجاب سے سپلیمنٹری گرانٹ کی باضابطہ درخواست کر دی ہے، جبکہ اس حوالے سے سمری سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق شدید مالی قلت کے باعث آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحان کو مکمل نصاب کے بجائے صرف چار مضامین تک محدود رکھنے کی تجویز زیر غور ہے، جن میں اردو، انگریزی، ریاضی اور سائنس شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کے باعث تمام مضامین کا امتحان لینا مشکل ہو سکتا ہے، پیکٹا حکام کے مطابق آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کے انعقاد کے لیے 80 کروڑ روپے سے زائد فنڈز درکار ہوں گے، جبکہ امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے تقریباً 50 ہزار نگران عملہ تعینات کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
نگران عملے کو اسیسمنٹ کے فرائض کی ادائیگی پر یومیہ 4 ہزار روپے معاوضہ دینے کی تجویز بھی شامل کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آٹھویں جماعت کے طلباء کو امتحان میں شرکت کے لیے کسی قسم کا داخلہ فارم جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ سکول انفارمیشن سسٹم پر رجسٹرڈ تمام طلباء کے لیے امتحان دینا لازمی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق آٹھویں جماعت میں رجسٹرڈ طلباء کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات 2 مارچ سے شروع کیے جانے کا امکان ہے، تاہم تاحال امتحانی ڈیٹ شیٹ جاری نہیں کی جا سکی۔ حکومتی گرانٹ کی منظوری کے بعد امتحانات کے انعقاد سے متعلق صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔
ادھر طلباء، والدین اور اساتذہ آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی ڈیٹ شیٹ کے اجراء کے منتظر ہیں، جبکہ امتحانی نظام اور مضامین کی تعداد سے متعلق حتمی فیصلے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔




















