زکریا یونیورسٹی : سینڈیکیٹ کا الیکشن 16 اپریل کو ہوگا، شیڈول جاری

زکریا یونیورسٹی ملتان کے رجسٹرار اعجاز احمد نے سینڈیکیٹ کے الیکشن کا تفصیلی شیڈول جاری کر دیا ہے جو 16 اپریل 2026 بروز جمعرات کو منعقد ہوگا۔
یونیورسٹی ایکٹ 1975 کے سیکشن 25 کے تحت منعقد ہونے والے ان انتخابات میں ایک پروفیسر، ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر، ایک اسسٹنٹ پروفیسر اور ایک لیکچرار کا انتخاب کیا جائے گا، جہاں ان چار نشستوں میں سے کم از کم ایک نشست خواتین کے لیے مخصوص ہوگی۔
الیکشن کے شیڈول کے مطابق ابتدائی انتخابی فہرستیں 6 مارچ 2026 کو جاری کی جائیں گی، جبکہ ان پر دعوے اور اعتراضات 10 مارچ تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
اعتراضات کے نمٹانے کا عمل 12 مارچ کو مکمل کیا جائے گا اور نظرثانی کی درخواستیں 13 مارچ کو جمع ہوں گی۔
نظرثانی کمیٹی کا اجلاس 16 مارچ کو ہوگا اور حتمی انتخابی فہرستیں 25 مارچ کو جاری کی جائیں گی۔ کاغذات نامزدگی 26 مارچ سے طلب کیے جائیں گے اور انہیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 مارچ مقرر کی گئی ہے۔
امیدواروں کی ابتدائی فہرست 31 مارچ کو آویزاں کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 2 اپریل کو ہوگی۔ موزوں امیدواروں کی فہرست 3 اپریل کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدواری واپس لینے کی تاریخ 6 اپریل ہے۔
حتمی امیدواروں کی فہرست 8 اپریل کو جاری کی جائے گی اور پولنگ 16 اپریل کو صبح دس بجے سے شام چار بجے تک یونیورسٹی کے کمیٹی روم میں ہوگی، انتخابی فہرستوں کی کاپیاں 500 روپے فی کاپی کے عوض رجسٹرار سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔




















