اساتذہ کو سرنڈر کردیا گیا

گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول لاڑ ملتان میں حالیہ انتظامی صورتحال کے پیش نظر سکول انتظامیہ نے دو سینئر اساتذہ کی خدمات فوری طور پر سرنڈر کرتے ہوئے انہیں آئندہ تعیناتی کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، یہ اقدام ادارے میں نظم و ضبط، تعلیمی ماحول اور انتظامی معاملات کی بہتری کے لیے اٹھایا گیا۔
سکول پرنسپل کی جانب سے جاری کردہ علیحدہ علیحدہ مراسلوں کے مطابق سینئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ (جغرافیہ) امجد حسین اور سینئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ (شماریات) ، عزیر رضا کی خدمات سرنڈر کی گئی ہیں، حکم نامے کے مطابق مسٹر امجد حسین پر دفتری ریکارڈ کو زبردستی اپنے کنٹرول میں لے کر پرنسپل کو واپس کرنے سے انکار اور منظور شدہ ٹائم ٹیبل کی مبینہ مخالفت، امتحانات کے انعقاد، روزانہ ٹیسٹوں اور انٹرکلاس (سینڈ اپ) امتحانات میں مبینہ غفلت، جوابی کاپیوں، ایوارڈ لسٹوں اور رزلٹ شیٹس مقررہ وقت پر جمع نہ کرانے، شوکاز نوٹسز کے غیر تسلی بخش جواب دینے اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کی خلاف ورزی جیسے الزامات عائد کیے گئے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ وارننگ لیٹر، کونسلنگ اور ذاتی شنوائی کے باوجود طرزِ عمل میں بہتری نہ آنے پر یہ فیصلہ ناگزیر ہوا۔
دوسری جانب عزیر رضا کے بارے میں جاری مراسلے میں الزام عائد کیا گیا کہ وہ مقررہ اوقات میں کلاسز لینے میں کوتاہی، تاخیر سے آمد، بغیر اجازت سکول سے روانگی، سرکاری مراسلات وصول کرنے سے انکار، میں ملوث پائے گئے۔
ذرائع کے مطابق 23 فروری 2026 کو منظور شدہ سرکاری ٹائم ٹیبل کو احتجاجاً پھاڑ کر پرنسپل کے سامنے ٹیبل پر پھینکنےکا واقعہ بھی رپورٹ ہوا، جسے تعلیمی حلقوں نے ادارہ جاتی نظم و ضبط کے لیے تشویشناک قرار دیا اور ہتک عزت قرار دیا۔
سکول ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ اساتذہ کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے، وارننگ لیٹر دیے گئے اور ذاتی شنوائی کا مکمل موقع فراہم کیا گیا، تاہم تحریری وضاحتیں غیر تسلی بخش قرار پانے کے بعد تعلیمی ماحول کو مزید انتشار سے بچانے کیلئے خدمات سرنڈر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہیں۔




















