30 ہزار آئی ٹی گریجویٹس طلباء کے لیے خصوصی آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

پنجاب حکومت نے 30 ہزار آئی ٹی گریجویٹس طلباء کے لیے خصوصی آئی ٹی انٹرنشپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو عملی تجربہ فراہم کرنا اور انہیں عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنشپ پروگرام پانچ سالہ ہوگا اور اس کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، منتخب طلباء کو چار ماہ تک ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، جبکہ نجی آئی ٹی کمپنیوں کو ہر امیدوار کے لیے 12 ہزار 500 روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پروگرام کی نگرانی کرے گا اور امیدواروں کی بھرتی و آن بورڈنگ کے لیے ایک مرکزی انٹرنشپ پورٹل بنایا جائے گا۔ اس کے ذریعے انٹرنز کی کارکردگی اور پروگرام کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
پروگرام میں انٹرنز کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ آئی ٹی سرٹیفیکیشن بھی فراہم کیے جائیں گے، جس سے ان کی پیشہ ورانہ قابلیت میں اضافہ ہوگا۔
علاوہ ازیں، ٹیکنالوجی ایکسپوز اور انوویشن فیسٹیولز کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ نوجوان تخلیقی آئیڈیاز پیش کریں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں عملی تجربہ حاصل کریں۔




















