یو ای ٹی ملتان میں "رمضان کی برکات” کے عنوان سے خصوصی سیمینار

محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان میں رمضان کی برکات” کے عنوان سے ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی دعوتِ اسلامی کے معروف اسکالر عبد الوہاب عطاری تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں ماہِ رمضان کی برکتوں، روزے کی روحانی اہمیت اور رمضان المبارک کے احترام کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ رمضان المبارک کو عبادات، تقویٰ اور نیک اعمال کے ذریعے بامقصد بنایا جائے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر توصیف ایزد اور رجسٹرار ڈاکٹر عاصم عمر نے مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی آمد کو یونیورسٹی کے لیے اعزاز قرار دیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی اور یونیورسٹی انتظامیہ کے درمیان باہمی طور پر کتابوں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
سیمینار میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے بھی بھرپور شرکت کی اور مہمانِ مقرر کے خیالات سے مستفید ہوئے۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کی علمی و روحانی نشستیں طلباء کی کردار سازی اور دینی شعور کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔




















