آن لائن پرچہ جات کی چیکنگ کے لیے طریقہ کار جاری

پنجاب ایجوکیشن کریکلم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی پیکٹا نے آن لائن پرچہ جات کی چیکنگ کے لیے باقاعدہ طریقہ کار جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اساتذہ کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے جوابی شیٹس کی جانچ پڑتال کرنا ہوگی۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق آن لائن مارکنگ کے عمل میں شامل ہونے کے لیے اساتذہ کو سب سے پہلے پیکٹا کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر اپنا اکاؤنٹ رجسٹر کرنا ہوگا۔
رجسٹریشن کے مرحلے میں اساتذہ کو اپنی بنیادی معلومات، ای میل ایڈریس اور دیگر ضروری کوائف فراہم کرنا ہوں گے تاکہ تصدیقی مراحل مکمل کیے جا سکیں۔ رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد امیدوار کو لاگ اِن کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی جن کے ذریعے وہ سسٹم تک رسائی حاصل کر سکے گا۔
حکام کے مطابق لاگ اِن ہونے کے بعد اساتذہ کو آن لائن پورٹل پر اپنے متعلقہ مضامین کے پرچے چیک کرنے کی سہولت میسر ہوگی۔ اساتذہ لیپ ٹاپ یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے ذریعے سسٹم میں موجود طلبہ کی اسکین شدہ جوابی شیٹس کا جائزہ لے سکیں گے اور مقررہ ہدایات کے مطابق نمبر درج کریں گے۔
اس ضمن میں مزید بتایا گیا ہے کہ تمام نمبرات براہِ راست آن لائن سسٹم میں محفوظ ہو جائیں گے، جس سے نہ صرف مارکنگ کے عمل میں شفافیت آئے گی بلکہ نتائج کی تیاری بھی تیز اور منظم انداز میں ممکن ہو سکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے پرچوں کی جانچ پڑتال کے عمل کو زیادہ مؤثر، محفوظ اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق آن لائن مارکنگ کے نظام سے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کا موقع ملے گا جبکہ طلباء کے نتائج کی تیاری میں درپیش تاخیر کے مسائل بھی کم ہوں گے۔




















