ویمن یونیورسٹی میں سولر سسٹم کی تنصیب مکمل، اڑھائی کروڑ سالانہ کی بچت

ویمن یونیورسٹی ملتان کے متی تل کیمپس میں سولر سسٹم کے بعد اڑھائی کروڑ روپے کی سالانہ بچت ، ثمرات سامنے آنے لگے۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان کے متی تل کیمپس میں شمسی توانائی کے جدید سسٹم کی تنصیب کے بعد بجلی کے اخراجات میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے جو ادارے کی مؤثر منصوبہ بندی اور دور اندیش قیادت کا عملی ثبوت ہے۔
میپکو کے جاری کردہ حالیہ بجلی کے بل کے مطابق یونیورسٹی کے کیمپس میں نصب 22 سو کلوواٹ صلاحیت کے سولر نیٹ میٹرنگ سسٹم کے باعث بجلی کی کھپت اور بل کی مجموعی ادائیگی میں نمایاں کمی آئی ہے اور قابلِ ادائیگی رقم میں واضح فرق دیکھنے میں آیا ہے پہلے اس کیمپس کا بل سردیوں میں ماہانہ 12 سے 15 لاکھ جبکہ گرمیوں میں 25 لاکھ روپے تک آتا تھا جو اب سسٹم کے بعد چند لاکھ روپے محدود ہو جائے گا۔
رواں ماہ میپکو سے جاری ہونے والے بل کی مطابق صرف ایک لاکھ 16 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے جبکہ گزشتہ برس اسی ماہ میں 12 لاکھ 52 ہزار روپے سے زائد کا بل آیا تھا اس منصوبے کے تحت یونیورسٹی نے متبادل توانائی کے مؤثر استعمال کے ذریعے نہ صرف اپنے مالی وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا بلکہ قومی گرڈ پر بوجھ کم کرنے میں بھی مثبت کردار ادا کیا ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کی مدبرانہ قیادت اور وژنری حکمت عملی کے تحت ویمن یونیورسٹی ملتان ترقی اور جدت کے نئے سنگِ میل عبور کر رہی ہے۔
وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ کا کہنا ہے کہ پائیدار ترقی، ماحول دوست اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کا فروغ یونیورسٹی کی ترجیحات میں شامل ہے، سولر انرجی منصوبہ نہ صرف توانائی کے بحران کے حل کی جانب ایک مؤثر قدم ہے بلکہ یہ ادارے کے وسائل کے مؤثر استعمال اور ماحول کے تحفظ کے لیے بھی انتہائی اہم اقدام ہے، ویمن یونیورسٹی ملتان تعلیم، تحقیق اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ جدید اور پائیدار توانائی کے منصوبوں کو فروغ دے کر ایک مثالی تعلیمی ادارے کے طور پر اپنی پہچان مضبوط کر رہی ہے۔
یونیورسٹی تعلیمی معیار، تحقیقی سرگرمیوں اور ادارہ جاتی ترقی کے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت حاصل کر رہی ہے اور طالبات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ اقدام ویمن یونیورسٹی ملتان کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ادارہ نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ ماحول دوست پالیسیوں اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔




















