ویمن یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار 90 ملازمین کی ترقیاں

ویمن یونیورسٹی ملتان کی 13 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ گریڈ 01 سے 16 تک کے 90 سے زائد ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر ترقی دے دی گئی۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان کی تاریخ میں ایک اہم اور خوشگوار پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پہلی مرتبہ گریڈ 01 سے 16 تک کے 90 سے زائد ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پر ترقی دے دی گئی۔
اس فیصلے کے بعد یونیورسٹی کے ملازمین میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی، ترقی پانے والے ملازمین کا تعلق مختلف کیڈرز سے ہے جن میں جونیئر کلرک، سٹور کیپر، ڈرائیور، میل سکیورٹی گارڈز، فی میل سکیورٹی گارڈز، کمپیوٹر آپریٹر، سیور مین، سویپر، بس کلینر، بس کنڈیکٹر اور چوکیدار شامل ہیں۔
یہ ترقیاں مکمل طور پر میرٹ اور سروس رولز کے مطابق دی گئی ہیں تاکہ ملازمین کی کارکردگی کو سراہا جا سکے اور ادارے میں پیشہ ورانہ ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان میں ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے پیشہ ورانہ حقوق کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
یونیورسٹی کی ترقی اس کے اساتذہ اور ملازمین کی محنت اور لگن سے ممکن ہوتی ہے، اس لیے میرٹ پر ترقی دینا ادارہ جاتی شفافیت اور حوصلہ افزائی کے لیے ضروری ہے ۔
یونیورسٹی انتظامیہ آئندہ بھی ملازمین کی پیشہ ورانہ ترقی اور فلاح کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ ایک مثبت اور متحرک تعلیمی ماحول کو فروغ دیا جا سکے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے ملازمین مزید محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں گے اور یونیورسٹی کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ترقی پانے والے ملازمین نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ انہیں میرٹ پر ترقی ملنے سے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے بلکہ ادارے کے ساتھ وابستگی بھی مزید مضبوط ہوئی ہے وائس چانسلر کے اس فیصلے سے یونیورسٹی میں شفافیت اور انصاف کی روایت کو فروغ ملا ہے طویل عرصے بعد میرٹ پر ہونے والی ان ترقیوں نے ملازمین کے اعتماد کو بحال کیا ہے اور اس اقدام سے ادارے میں کام کرنے کا جذبہ مزید بڑھا ہے۔
انہوں نے وائس چانسلر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ویمن یونیورسٹی ملتان ترقی کی نئی منازل طے کرے گی۔


















