سکولوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کےلئے پیپرا رولز میں نرمی کا فیصلہ

کلاس رومز کی جلد تعمیر کے لئے سکولز مینجمنٹ کے زیرنگرانی جاری منصوبوں کےلئے پیپرا رولز میں ایک بار نرمی کرنے کا فیصلہ
تفصیل کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اسکول مینجمنٹ کونسل کے تحت جاری تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبہ بھر کے وہ سرکاری اسکول جہاں ایس ایم سی کے ذریعے کلاس رومز یا دیگر عمارتوں کی تعمیر کا کام پہلے سے جاری ہے، ان منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے حکومت نے بعض مالیاتی اور انتظامی قواعد میں عارضی نرمی فراہم کی ہے۔
اس خصوصی رعایت کے تحت بعض مالیاتی قواعد، پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قواعد اور بعض صوبائی ٹیکسز کی شرائط میں نرمی دی گئی ہے تاکہ جاری منصوبے بلا تعطل مکمل کیے جا سکیں۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق یہ رعایت صرف ایک مرتبہ اور صرف پہلے سے جاری منصوبوں کے لیے دی گئی ہے، جبکہ نئے تعمیراتی منصوبوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ معیار اور تکنیکی ہدایات کے مطابق مکمل کرنا لازمی ہوگا اور متعلقہ ضلعی حکام اس عمل کی نگرانی کریں گے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری اسکولوں میں جاری تعمیراتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ کلاس رومز کی کمی کو جلد از جلد پورا کیا جا سکے۔


















