ڈاکٹر نعیم رؤف صدر چیس ایسوسی ایشن پنجاب منتخب

چیس ایسوسی ایشن آف پنجاب کی نئی ایگزیکٹو کونسل برائے مدت 2026-2030ء کا اعلان کر دیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق یہ انتخابات اسپورٹس بورڈ پنجاب کی نگرانی میں شفاف اور آئینی طریقہ کار کے تحت منعقد ہوئے جس میں جنرل باڈی کے اکثریتی اراکین نے حصہ لیا۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر نعیم رؤف صدر منتخب ہوئے ہیں، وہ شطرنج کے انتظامی امور میں مہارت رکھنے کے ساتھ ساتھ قومی سطح کے ایک تجربہ کار منتظم ہیں۔
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے انعام اللہ اعوان سینئر وائس پریزیڈنٹ ہوں گے جو سرکاری محکمے میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں۔
ایسوسی ایشن نے چار وائس پریزیڈنٹ مقرر کیے ہیں جن میں پروفیسر طاہر رضا عابد (وہاڑی)، شیخ ابوذر (بہاولپور)، ملک شہباز ببر (مظفرگڑھ) اور ڈاکٹر اعجاز اصغر (شیخو پورہ) شامل ہیں۔
راجہ گوہر اقبال (راولپنڈی) کو دوبارہ جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے جو گزشتہ برسوں میں 1700 سے زائد شطرنج ٹورنامنٹ منعقد کر چکے ہیں۔ احسان الحق (گجرات) فنانس سیکرٹری ہوں گے جبکہ شیراز عادل (شیخو پورہ) جوائنٹ سیکرٹری اور شاہد لودھی (ملتان) پریس سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔
خواتین کی نمائندہ کے طور پر بشریٰ سلیم کو نامزد کیا گیا ہے جو صدر اور جنرل سیکرٹری کے ہمراہ چیس فیڈریشن آف پاکستان کی جنرل باڈی میں ایسوسی ایشن کی نمائندگی کریں گی۔
ترجمان کے مطابق نئی ایگزیکٹو کونسل ضلعی سطح پر شطرنج ایسوسی ایشنز کو مضبوط بنانے، نوجوانوں اور خواتین کی شرکت بڑھانے اور پنجاب میں شطرنج ٹورنامنٹس کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔


















