زکریا یونیورسٹی میں ملازمین کو بونس نہ ملا، ایمپلائز یونین تنقید کی زد میں آگئی

ماہِ رمضان کے آخری عشرے کے باوجود ملازمین کو تنخواہیں تاخیر سے ادا کی گئی، ملازمین کو منگل کی شام کو تنخواہیں ملیں مگر ریٹائرڈ افراد کو پنشن نہ مل سکی، اسی طرح بونس ادا نہ کیے جانے پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے جس کے باعث ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب یونیورسٹی کی ایمپلائز یونین کے عہدیداروں پر بھی ملازمین کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے، ملازمین کا کہنا ہے کہ بھاری مینڈیٹ کے ساتھ منتخب ہونے والی ایسوسی ایشن عملی اقدامات کرنے کے بجائے صرف بیانات اور پیغامات تک محدود دکھائی دیتی ہے جس سے ملازمین کے مسائل حل نہیں ہو پا رہے۔
ملازمین نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ممکنہ بونس کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ عیدالفطر سے قبل اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں اور اپنے خاندانوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔




















