اساتذہ کا ڈیوٹی دینے سے انکار

میٹرک امتحانات سے قبل صوبہ بھر میں سینکڑوں اساتذہ کی جانب سے امتحانی ڈیوٹیوں سے انکار کے باعث انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ نگران عملے کی کمی کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امتحانی عمل کو شفاف اور منظم انداز میں یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ ڈیوٹی آرڈرز وصول نہ کرنے والے اساتذہ سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں سکول سربراہان کو بھی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ متعلقہ اساتذہ کو فوری طور پر ڈیوٹی آرڈرز فراہم کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ امتحانی ڈیوٹی سے انکار یا احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ اساتذہ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
اس حوالے سے ضلعی و تعلیمی افسران کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ امتحانات کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ میٹرک امتحانات کے دوران نگران عملے کی دستیابی نہایت اہم ہوتی ہے، اور اساتذہ کی عدم دلچسپی یا انکار امتحانی نظام کو متاثر کر سکتا ہے، جس کے باعث انتظامیہ سخت مؤقف اپنائے ہوئے ہے۔



















