Paid ad
Breaking NewsSportsتازہ ترین

پی ایس ایل 11 : افتتاحی میچ؛ قلندرز فاتح، حیدرآباد کنگز کو شکست کا سامنا، مریم نواز کی اسٹیڈیم آمد

لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 200 رنز کا ہدف دیا جبکہ حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم 130 رنز بنا سکی ۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کو پہلے ہی میچ میں باآسانی 69 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے حیدر آباد کنگزمین کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

چیمپیئن لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور محمد نعیم نے جارحانہ آغاز کیا اور 6 اوورز میں 64 رنز بنائے اور 8 اوورز تک شراکت میں 84 رنزبنائے۔

محمد نعیم 19 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر تھے، جس کے بعد عبداللہ شفیق بیٹنگ کے لیے آئے تاہم فخر زمان کی جانب سے ایک غیر ضروری رن لینے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں عبداللہ شفیق کی اننگز صرف 4 رنز تک محدود رہی جبکہ اس دوران فخر زمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

فخر زمان بھی جلد ہی 94 کے مجموعی اسکور پر 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور عبداللہ شفیق کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے پرویز حسین ایمان کا ساتھ نہ دے سکے، پرویز حسین 13 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز بنا سکے۔

حسیب اللہ خان اور سکندر رضا نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور 17 ویں اوور میں ٹیم کے 150 رنز مکمل کیے، سکندر رضا 10 گیندوں پر 24 اور آصف علی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم حسیب اللہ خان نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی۔

حیدرآباد کنگزمین کے رائلی میریدتھ اور حسان خان نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں، محمد علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر199 رنز بنائے۔

حیدرآباد کنگزمین نے بڑے ہدف کے تعاقب میں ناقص آغاز کیا اور عثمان خان صرف 25 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد صائم ایوب کی بیٹنگ 17 رنز تک محدود رہی۔

مارنوس لیبوشانے نے سب سے زیادہ 26 رنز بنائے جبکہ دیگر بیٹرز توقعات پر پورا نہ اترسکے، رائلی میریدتھ نے 19 رنز بنائے، حماد اعظم 10، حسان خان 14 اور محمد علی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

حیدرآباد کنگزمین کی پوری ٹیم آخری اوورمیں 130 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اپنے پہلے ہی میچ میں 69 رنز سے شکست کھا گئی۔

لاہور قلندرز کے حارث رؤف، عبید شاہ اور سکندر رضا نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین شاہ آفریدی اور مستفیض الرحمان کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔

درین اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور دیگر اہم شخصیات نے پی ایس ایل 11 کے افتتاحی میچ سے قبل مختصر تقریب میں شرکت کی، سابق کپتان وسیم اکرم نے ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی۔

خیال رہے کہ پی سی بی نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کے تحت پی ایس ایل 11 بغیر تماشائیوں کے منعقد ہوگا اور شیڈول کو تبدیل کرتے ہوئے تمام میچز صرف لاہور اور کراچی میں رکھے گئے ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

لاہور قلندرز:
شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، محمد نعیم، فخر زمان، عبدااللہ شفیق، پرویز حسین ایمان، حسب اللہ خان(وکٹ کیپر)، سکندر رضا، آصف علی، حارث رؤف، مستفیض الرحمان، عبیدشاہ

حیدرآباد کنگزمین:
مارنوس لیبوشانے (کپتان)، صائم ایوب، عثمان خان (وکٹ کیپر)، کوسل پریرا، عرفان نیازی، رضوان محمود، حسان خان، حماد اعظم، رائلی میریدتھ، محمد علی، عاکف جاوید

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button