آؤٹ سورس کیے گئے سکولوں کی کارکردگی اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے سخت نگرانی کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ آؤٹ سورس اسکولوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں تاکہ معاہدے کی تمام شرائط پر مکمل عملدرآمد اور طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی اسکول کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی یا تعلیمی معیار میں کمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس ضمن میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس اقدام کا مقصد نجی شراکت داری کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں میں شفافیت اور بہتری کو یقینی بنانا ہے۔
تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے آڈٹ پیراز بروقت تیار کریں۔ ذرائع کے مطابق آڈٹ معاملات میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسران کو مکمل تیاری کے ساتھ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
تعلیمی و انتظامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف تعلیمی اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ مالی امور میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو بھی مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔



















