یونیورسٹی طلباء وطالبات کےلئے بڑی ہدایت جاری

ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام یونیورسٹیوں کے طلبا کو ہدایت کی ہے وہ اپنے امتحانات کی تیاری بھرپور انداز میں جاری رکھیں کیونکہ امتحانات مقررہ شیڈول کے مطابق یونیورسٹی کیمپسز میں ہی لیے جائیں گے اور انہیں آن لائن منعقد کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، مختلف جامعات کی جانب سے باقاعدہ طور پر امتحانی شیڈول اور ڈیٹ شیٹس جاری کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس سے واضح ہو گیا ہے کہ امتحانات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ طلباء کسی بھی قسم کی افواہوں پر کان نہ دھریں اور اپنی تیاری پر توجہ مرکوز رکھیں اگر کسی شہر یا علاقے میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جاتا ہے یا تعلیمی اداروں میں تعطیلات میں اضافہ کیا جاتا ہے، تب بھی اس کا اطلاق امتحانات پر نہیں ہوگا۔
امتحانات کو معمول کے مطابق جاری رکھا جائے گا تاکہ تعلیمی کیلنڈر متاثر نہ ہو۔تعلیمی حلقوں کے مطابق امتحانات کی تاریخوں میں رد و بدل یا توسیع کا اختیار متعلقہ یونیورسٹی انتظامیہ کے پاس ہوتا ہے، تاہم تاحال کسی بھی جامعہ کی جانب سے امتحانات مؤخر کرنے یا شیڈول میں تبدیلی کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ امتحانات کو بروقت منعقد کرنا تعلیمی تسلسل کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے طلباء کو چاہیے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں اور اپنی تعلیمی سرگرمیوں پر مکمل توجہ دیں تاکہ بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔



















