میٹرک امتحانات 2026 : کمشنر ملتان کا امتحانی مراکز کا دورہ

کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ عامر کریم خاں نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے دوران امتحانی مراکز کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف سنٹرز کا دورہ کیا اور سہولیات، سکیورٹی اور نظم و ضبط کا تفصیلی معائنہ کیا۔
دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے گورنمنٹ کمپری ہینسو گرلز سکول سمیت دیگر امتحانی مراکز کا وزٹ کیا، جہاں طلباء کیلئے فراہم کی گئی سہولیات، بیٹھنے کے انتظامات اور مجموعی ماحول کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ امتحانات کے انعقاد میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
بعد ازاں کمشنر نے لاسال ہائیر سیکنڈری سکول میں قائم امتحانی سنٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امتحانی مراکز میں سکیورٹی، شفافیت اور سہولیات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور کڑی نگرانی جاری رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے واضح کیا کہ نقل کے سدباب کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو پر امن اور سازگار ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ امتحانات دے سکیں۔



















