پاکستانی کرکٹ شماریات دان غالب باجوہ کی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو خدمات کی پیشکش
غالب باجوہ کا جدید کرکٹ اعدادوشمار متعارف کرانے کا اعلان، پاک بنگلہ تعلقات مضبوط بنانے کا عزم

پاکستان کے معروف کرکٹ رائٹر اور شماریات دان غالب باجوہ نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی) کو اپنی خدمات پیش کر دی ہیں تاکہ دونوں دوست ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے سینئر شماریات دان غالب باجوہ جنہیں کھیلوں کی صحافت اور کرکٹ اسٹیٹسٹکس کا تین دہائیوں سے زائد تجربہ حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ ان کے جدید اور منفرد کرکٹ اعداد و شمار کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے، خاص طور پر بنگلہ دیش میں نوجوان نسل کے اندر کرکٹ کا شوق بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خصوصی کرکٹ ریکارڈز بی سی بی کو روایتی حریف بھارت اور دیگر کرکٹ کھیلنے والے ممالک پر برتری دلانے میں معاون ہو سکتے ہیں۔
غالب باجوہ جنہیں متعدد بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی کوریج کا اعزاز حاصل ہے، نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں بے پناہ کرکٹ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ دونوں ممالک کرکٹ کے مختلف شعبوں خصوصاً شماریاتی میدان میں مشترکہ کوششیں کریں۔انہوں نے کہا کہ دلچسپ اور جدید کرکٹ شماریات کھیل کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
وہ بنگلہ دیش کے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس، نیشنل ون ڈے اور ٹی ٹونٹی (مرد و خواتین) میچز کے لیے منفرد اعدادوشمار متعارف کرانے کے خواہاں ہیں۔
ان کے مطابق یہ جدید شماریات نوجوان بنگلہ دیشی کرکٹرز کو اپنی تکنیک بہتر بنانے اور کارکردگی نکھارنے کی ترغیب دیں گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ جن اعدادوشمار کی وہ بات کر رہے ہیں وہ نہایت دلچسپ ہیں اور اس سے قبل مرتب نہیں کیے گئے اور یہ بنگلہ دیش کے کرکٹ ریکارڈ کو مزید مؤثر اور جامع بنائیں گے۔
پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کو حالیہ سفارتی و کرکٹ امور میں دی جانے والی حمایت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے چیئرمین محسن نقوی کی قیادت میں بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔



















