ٹیچرز غائب، ایمپلائز یونین چیئرمین ایچ ای سی سے ملنے پہنچ گئے

زکریا یونیورسٹی ملتان کی ایمپلائز یونین کے وفد نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے اہم ملاقات کی، جس میں یونیورسٹی کو درپیش مختلف انتظامی، مالی اور ملازمین سے متعلق مسائل تفصیل سے پیش کیے گئے۔
ایمپلائز یونین کے وفد کی قیادت صدر ملک صفدر اور جنرل سیکرٹری رانا مدثر مشتاق نے کی، وفد میں یونین کے دیگر عہدیداران بھی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے چیئرمین ایچ ای سی کو یونیورسٹی ملازمین کو درپیش مسائل، سروس اسٹرکچر، ترقیوں میں تاخیر، پنشن و دیگر مراعات، اور فنڈز کی کمی جیسے اہم امور سے آگاہ کیا۔
وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ یونیورسٹی کے ملازمین طویل عرصے سے مختلف مشکلات کا شکار ہیں، جن کے حل کے لیے متعدد بار متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے، تاہم تاحال خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے جائز مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ ادارے کے انتظامی امور بہتر انداز میں چلائے جا سکیں۔اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی نے وفد کے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ پیش کیے گئے نکات کا تفصیلی جائزہ لے کر ترجیحی بنیادوں پر حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے
۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کے ملازمین تعلیمی نظام کا اہم حصہ ہیں اور ان کے مسائل کا حل اداروں کی بہتری کے لیے ناگزیر ہے
ملاقات کے اختتام پر ایمپلائز یونین کے وفد نے چیئرمین ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے، جس سے نہ صرف ملازمین بلکہ یونیورسٹی کے مجموعی ماحول پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔




















