سکولوں کی نجکاری فیز تھری میں سکول بچانے کی ذمے داری اساتذہ کو دے دی گئی

آؤٹ سورسنگ کے فیز III کے تحت شامل سرکاری سکولوں کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جس کے تحت ایسے سکول جہاں دو اساتذہ تعینات ہیں، انہیں فوری طور پر درخواست جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق وہ اسکول جہاں ہیڈ ٹیچر اور ایک ٹیچر تعینات ہیں، اگر دونوں اساتذہ اپنے ادارے کو بدستور خود چلانا چاہتے ہیں اور آؤٹ سورسنگ سے مستثنیٰ رہنے کے خواہاں ہیں تو انہیں تحریری درخواست جمع کروانا ہوگی، یہ درخواست اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے تصدیق شدہ ہونا ضروری ہے۔
حکام کے مطابق تمام متعلقہ اساتذہ اپنی درخواستیں چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی دفتر میں مقررہ وقت کے اندر جمع کروائیں، بصورت دیگر متعلقہ اسکول آؤٹ سورسنگ پالیسی کے تحت نجی شعبے کے حوالے کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے تعلیمی نظام میں بہتری اور کارکردگی بڑھانے کے لیے آؤٹ سورسنگ پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، تاہم اساتذہ کو موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اپنے اداروں کو خود چلانے کی خواہش ظاہر کر سکیں۔
تعلیمی حلقوں میں اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض اساتذہ نے اسے اپنے اداروں کو بچانے کا موقع قرار دیا ہے، جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ مختصر وقت میں درخواست جمع کروانا ایک مشکل عمل ہے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ مقررہ ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی کوتاہی کی صورت میں متعلقہ اسکولوں کو پالیسی کے مطابق آؤٹ سورس کر دیا جائے گا۔



















