پرائیویٹ سکولوں میں کار پولنگ کے فروغ کا فیصلہ، محکمہ سکولز کا مراسلہ جار ی کردیا

فیول بحران کے پیش نظر محکمہ سکولز نے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں کار پولنگ کے فروغ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں تمام نجی سکولوں کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں مشترکہ سفری نظام اپنانے کی ہدایت دی گئی ہے سکول انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ والدین کے تعاون سے کار پولنگ کے نظام کو یقینی بنائیں تاکہ طلباء ایک ہی گاڑی میں مل کر سکول آ جا سکیں۔ اس اقدام کا مقصد ایندھن کی بچت، ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا ہے۔
محکمہ سکولز نے مزید ہدایت کی ہے کہ تعلیمی ادارے ایک محفوظ اور مؤثر ٹرانسپورٹ سسٹم ترتیب دیں، جس میں بچوں کی سکیورٹی اور سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔ سکولوں کو والدین کے ساتھ رابطہ بڑھانے اور کار پولنگ کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
ماہرین تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد کے مطابق کار پولنگ کا یہ اقدام نہ صرف موجودہ فیول بحران سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ طلباء کے لیے سفر کو زیادہ منظم، محفوظ اور کم خرچ بھی بنائے گا۔
انہوں نے اس فیصلے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اس پر مؤثر عملدرآمد پر زور دیا ہے۔


















