پیف نے 3311 سکولوں میں 30 لاکھ سے زائد درسی کتب کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا

پیف نے 3311 سکولوں میں 30لاکھ سے زائد درسی کتب کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا۔
ترجمان کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنر سکولوں میں کتابوں کی تقسیم کا آغاز12جولائی سے کر دیا تھا اور 7538سکولوں میں سے 3311 سکولوں میں 30لاکھ سے زائد مفت درسی کتب کی تقسیم کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سکولوں میں بندش کے باعث کتابوں کی تقسیم کا عمل سست روی کا شکار تھا اب جبکہ 2اگست سے سکول کھل گئے ہیں ، لہذا پیف کی جانب سے تمام پارٹنرز کو درسی کتب تیزی سے فراہم کی جارہی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ پیف پارٹنرز کی سہولت کے لیے تحصیل لیول پر درسی کتب کی تقسیم کے لیے 52 سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جن میں بھکر، چکوال، چونیاں، ہارون آباد، حاصل پور، جام پور، جتوئی، کہروڑ لال عیسن، لودھراں، میلسی، ملتان، ساہیوال، سرگودہا، شکر گڑھ اور تونسہ شریف کے ذریعے درسی کتب کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
جبکہ سات سنٹرز ڈی جی خان، دیپالپور، جھنگ، لاہور، مظفر گڑھ، رحیم یار خان اور شیخوپورہ پر کتابوں کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈکی طرف کچھ کتابوں کی ڈلیوری ہونا باقی ہے ، جس بناء پر کچھ سنٹرزپر مکمل کتابیں نہیں بھیجی جا سکیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ان کتابوں کے حصول کے لیے پیف انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ 20اگست تک بقیہ 4227سکولوں میں درسی کتب کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام تر صورتحال سے پیف پارٹنرز بخوبی آگاہ ہیں۔
تاہم کچھ سکول مالکان معلومات کا غلط استعمال کر کے اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے انکو غلط انداز سے پراپگیٹ کر کے اخبارات میں خبریں شائع کرواتے ہیں، اور دفتری کاروائی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر تے ہیں۔




















