کریک ڈاون جاری، 106 گاڑیاں مزید بند کردی گئیں

ڈپٹی کمشنر ملتان علی شہزاد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز بھی کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے ایل پی جی کی غیر قانونی ری فلنگ اور سلنڈر کی حامل 106 سے زائد گاڑیاں بند کردیں، جبکہ جنرل بس اسٹینڈ سے ملحقہ ایل پی جی کے 7 یونٹ بھی سربمہر کردیے گئے۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے کارروائی کرتے ہوئے تین بس سٹینڈ سیل، 6 ڈرائیورز کے خلاف بھی مقدمات درج کئے۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن اور سول ڈیفنس ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کمرشل گاڑیوں سے سلنڈر اتار کر قبضے میں لے لئے، اور مالکان کو سخت وارننگ جاری کی۔
دریں اثناءڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے بس سٹینڈ مالکان اور ٹرانسپورٹرز نے ملاقات کی، اور کریک ڈاؤن کے حوالے سے اپنی گذارشات پیش کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ٹرانسپورٹرز کو ازخود ایل پی جی سلنڈرز اتارنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کا معاشی نقصان انتظامیہ کا مقصد نہیں تاہم انسانی جانوں کا تحفظ ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ایل پی جی سلنڈرز کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے جدید ورکشاپ بنائی جائے گی۔ ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیوں سے ایل پی جی سلنڈر اتارنے کا بیان حلفی جمع کرائیں۔
قبل ازیں ٹرانسپورٹرز نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔



















