میپکو جنرل منیجر انجینئر محمد اکرم بھٹی ریٹائر ہو گئے

ملتان الیکٹرک پاورکمپنی(میپکو) ہیڈ کوارٹر کے جنرل منیجرانجینئر محمد اکرم بھٹی اپنی مدت ملازمت پوری کرکے ریٹائر ہو گئے۔
ان کے اعزاز میں میپکو ہیڈکوارٹرز میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو میپکو انجینئر اکرام الحق نے کہا کہ افرادی قوت اداروں کے استحکام اور ان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اچھی افرادی قوت اور ٹیم اچھے اداروں کا اثاثہ ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد باعزت طریقے سے ریٹائرمنٹ خدا کی طرف سے ایک تحفے سے کم نہیں ہے۔
چیف ایگزیکٹو نے ریٹائرڈ ہونے والے جنرل منیجر کی پیشہ وارانہ زندگی کی تعریف کی۔ریٹائرڈ ہونیوالے جنرل منیجرمحمد اکرم بھٹی نے کہا کہ میری سروس کا زیادہ تر حصہ میپکو میں گزرا، اور میپکو سے ہی ریٹامنٹ ہونے پر خوش ہوں۔
تھوڑے عرصہ کے لئے گیپکو (گوجرانوالہ) میں خدمات سرانجام دیں، اور اتھارٹی کی طرف سے مقرر کردہ اہداف کا حصول ممکن بنایا۔
انہوں نے اپنے اعزاز میں منعقدکی گئی تقریب پر تمام آفیسرز کا شکریہ ادا کیا، اور مزید کہا کہ گذشتہ تمام عرصہ میں انہیں سب کاتعاون حاصل رہا اور تمام کامیابیاں ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں۔اپنی تمام سروس کے دوران ہمیشہ ملازمین اور صارفین کی بھلائی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے۔
تقریب کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو میپکو اکرام الحق نے ریٹائر ہونے والے جنرل منیجر کوشیلڈ اورتحائف دئیے۔
تقریب میں نظامت کے فرائض سٹاف آفیسر کامران ظہور نے سرانجام دئیے۔
اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن محمد یعقوب شیخ، ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن لیاقت علی میمن اور میپکو کے تمام شعبوں کے افسران بھی موجود تھے۔



















