فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا چھٹا اجلاس: کپاس کے کاشتکاروں کو سفارشات جاری

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا چھٹا اجلاس ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود کی صدارت میں ہوا،اس اجلاس میں چاروں صوبوں کے کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے پندرہ روزہ کپاس کی نگہداشت سے متعلق 31اگست تک کی سفارشات پیش کی گئیں۔
فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ کاشتکارموسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے چنائی کے وقت کاتعین کریں، اور کھیت میں چنائی کا عمل اس وقت کریں جب کھیت میں آدھے سے زائد ٹینڈے کھل چکے ہوں۔
کھیت میں اگر کوئی نئی جڑی بوٹی نظر آئے تو فوراً اسے تلف کریں تاکہ اس کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔جبکہ وائرس سے متاثرہ کپاس کی فصل میں بیماری کے اثرات کم کرنے کے لئے کاشتکار کھاد اور پانی کی مقدار مناسب رکھیں۔
اس وقت فصل برداشت کی طرف گامزن ہے لہذا اس مرحلہ پر فصل کو کھاد اور پانی کی کمی نہ آنے دیں۔ایسی فصل جو25تا30ٹینڈے لے چکی ہو اس فصل کو10تا15کلوگرام یوریا بذریعہ آبپاشی فی ایکڑ کے حساب سے دیں تاکہ ٹینڈوں کی غذائی ضروریات پوری ہوں اور ٹینڈوں کے سائز میں بہتری ہو سکے جبکہ ایسی فصل جس میں 8تا 10ٹینڈے فی پودا لگے ہوں اور اس کا قد رک گیا ہو تو ا سکے لئے آدھی بوری یوریا فی ایکڑ بذریعہ آبپاشی دیں اور ایک ہفتہ کہ وقفہ سے اس فصل کودوبارا پانی لگائیں اس وقت درجہ حرارت میں کمی ہونے سے پھل کا کیرا کم ہوگیا ہے اور نیا پھل آرہا ہے۔
لہذا کاشتکار فصل کوآدھی بوری یوریا یا ایک بوری کیلشیم امونیم نائٹریٹ یعنی گوارہ یا ایک بوری امونیم سلفیٹ بذریعہ آبپاشی دیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کپاس کے پھل میں عناصر صغیرہ کی کمی کو دور کرنے، کیرے کو کم کرنے اور ٹینڈوں کے سائز میں اضافہ کے لئے اشتکار300گرام میگنیشیم سلفیٹ،300گرام زنک سلفیٹ،200گرام بورک ایسڈ،400گرام پوٹاشیم نائٹریٹ یاپوٹاشیم سلفیٹ پاؤڈر اور ایک کلوگرام یوریا ان تما م اشیاء کو علحیدہ علحیدہ پانی میں حل کرکے بحساب 100لٹر فی ایکڑ پانی کے لئے استعمال کریں۔
اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد نوید افضل،ڈاکٹر محمد ادریس خان،ڈاکٹر فیاض احمد، مس صباحت حسین،ڈاکٹر رابعہ سعید اور ساجد محمودنے شرکت کی۔



















