72 گھنٹے کا الٹی میٹم،بھٹوں میں پانی چھوڑ دیا جائے گا
پرانی طرز پر چلنے والے اینٹوں کے بھٹے 72 گھنٹوں کے اندر بند کر دئے جائیں ورنہ ان بھٹوں میں پانی چھوڑ کر اینٹوں کوضائع کر دیا جائے گا۔

72 گھنٹے کا الٹی میٹم،بھٹوں میں پانی چھوڑ دیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے والے بھٹہ مالکان کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرانی طرز پر چلنے والے اینٹوں کے بھٹے 72 گھنٹوں کے اندر بند کر دئے جائیں ورنہ ان بھٹوں میں پانی چھوڑ کر اینٹوں کوضائع کر دیا جائے گا۔
اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی کا کہناہےکہ تمام بھٹہ مالکان کے ساتھ متعدد اجلاسوں میں طے ہوا تھا کہ وہ بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر یں گے، اسی لئے زگ زیگ سسٹم پر منتقل ہونے کے لئے بھٹہ مالکان کو مزید وقت بھی دیا گیا لیکن چیکنگ کے دوران یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ بھٹوں کے بلور لگا دئے گئے جو کہ فنکشنل نہیں ہیں اس کے علاوہ بھٹوں میں کچی اینٹوں کی بھرانی بھی زگ زیگ کی بجائے پرانی طرز پر کی جارہی ہے بھٹہ مالکان حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی بجائے قانون کی پاسداری کریں۔
روائتی طرز پر چلنے والے بھٹے موسم سرما میں سموگ کا باعث بنتے ہیں جو کہ نہ صرف انسانوں میں بیماریاں پیدا کرنے کا سبب بنتی ہے بلکہ فصلوں کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے روائتی بھٹے بند کرنے کے لئے سخت احکامات جاری کئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ ہر صورت عدالت عالیہ کے احکامات پر عمل کرائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ 72 گھنٹے کے اندر اگر روائتی بھٹوں بند نہ کئے گئے تو کاروائی کا آغاز کردیا جائے گا۔


















