Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کا احتجاج جاری، دوسرے روزبھی مکمل لاک ڈاؤن

آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی جانب سے مطالبات کی منظوری کیلئے جاری ملک گیر ہڑتال کے دوسرے روز میپکو ریجن میں مکمل لاک ڈاؤن رہا۔ ملازمین نے مطالبات کی منظوری کیلئے بھرپور احتجاج کیا۔
بجلی کمپنیوں کی نجکاری‘ ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی‘ سٹاف کی کمی اور الاؤنسز کی فراہمی کیلئے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد خان کی کال پر ملک گیر احتجاج جاری ہے۔
جنوبی پنجاب کے 13اضلاع پر مشتمل میپکو ریجن کے 9سرکلوں میں ملازمین نے یونین عہدیداروں کے ساتھ ملکر بھرپور احتجاج کیا اور ”نجکاری نامنظور‘ ہم نہیں مانتے ظلم کے یہ ضابطے‘ مطالبات منظور کرو‘ مزدور اتحاد زندہ باد“ کے نعرے لگاتے رہے۔
میپکو ملازمین نے میپکو ہیڈکوارٹر میں 8 گھنٹے دھرنا دیا اور اعلان کیا کہ اگر حکومت اور انتظامیہ نے مطالبات تسلیم نہ کئے تو غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کی کال دی جائے گی۔
یونین عہدیداروں نے اعلان کیا کہ کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی تک نئی بھرتی نہیں ہونے دیں گے‘ نجکاری غداری ہے‘ اسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے‘ یونین کے نمائندوں کو بورڈ آف ڈائریکٹرز میں نمائندگی دی جائے‘ ملازمین کو 10فیصد الاؤنس دیا جائے‘ بورڈ آف ڈائریکٹرز تنخواہ میں 10فیصد اضافے کی فوری منظوری دے‘ ملازمین کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے محکمانہ این او سی جاری کرے۔
حکومت اور وزارتِ توانائی ہائیڈرو ورکرز یونین کا چارٹر آف ڈیمانڈ فوری طور پر منظور کیا جائے‘ ورکنگ ریلیشن کے نام پر یونین کو دھوکہ دینا بند کیا جائے۔
حکومت اور پاور ڈویژن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں 4ماہ قبل بھرتیوں کی اجازت دے دی تھی‘ تاہم میپکو سمیت بجلی کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی‘ ایئرکنڈیشنر والے کمروں میں بیٹھ کر پالیسیاں بنانے والوں کو ملازمین کے مطالبات ہر صورت تسلیم کرنا ہوں گے‘ شدید گرمی‘ شدید سردی‘ بارش وبرسات میں فرائض انجام دینے والے ملازمین ومحنت کشوں کے مسائل حل کرنا ہوں گے۔
حکومت‘ بیوروکریسی‘ بورڈ آف ڈائریکٹرز‘ چیف ایگزیکٹو آفیسر واپڈا ملازمین کے مسائل حل کریں وگرنہ دمادم مست قلندر ہوگا۔ احتجاجی ریلی‘ جلسہ‘ دھرنا اور احتجاج سے ریجنل چیئرمین غلام رسول گجر‘ ریجنل سیکرٹری سجاد احمد بلوچ‘ ریجنل وائس چیئرمین چودھری محمد خالد‘ ریجنل چیئرمین (ریونیو) شکیل بلوچ‘ زونل چیئرمین جی ایس سی رانا محمد انور‘ ریجنل وائس چیئرمین مہر الطاف مہار‘ آغا حسین زونل چیئرمین کنسٹرکشن رانا زاہد جاوید‘ زونل سیکرٹری راشد یامین‘ سلیمان بلوچ‘ ملک تنویر‘ الیاس سندھو‘ انصر عباس‘ چودھری یونس‘ اکرام الحق علوی‘ رانا طیب‘ ذیشان پیرزادہ‘ رانا سلیم تاج‘ شہباز علی‘ چودھری شفاقت‘ عاشق ڈوگر‘ سعید سیال نے بھی خطاب کیا۔
دھرنے کے شرکاءنے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی، انہیں جانوروں سے تشبیہ دیتے رہے اور سی ای او کی قائم کردہ کمیٹی کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button