عمران خان کی پہلی اور آخری حکومت ہے: بلاول بھٹو

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹنڈوالہٰ یار کے بچانی ہاؤس میں پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تین سالہ دور کا جشن منایا تھا، حقیقت یہ ہے کہ ان تین سالوں میں خان صاحب نے کچھ نہیں دیا، وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو نقصان پہنچایا، ان تین سالوں میں ثابت ہوگیا کہ تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی اور غربت ہے۔
بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ سندھ سے زیادتی کررہا ہے، تجاوزات کے نام پر غریبوں کے مکانات کرائے جارہے ہیں، عمران خان غریبوں کے سر سے چھت چھین رہے ہیں، اسٹیل ملز کو بند کرکے دس ہزار لوگوں کا چولہا ٹھنڈا کردیا گیا، یہ ظالم لوگ ہیں جو لوگوں سے روزگار چھین رہے ہیں۔
عمران خان نے اپوزیشن میں بہت بڑے بڑے وعدے کیےتھے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا، مگر جن لوگوں کا روزگار تھا ان سے بھی روزگار چھین لیاگیا، ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کسی سے روزگارچھینے۔
پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 125فیصداضافہ کیاتھا، اس کے علاوہ سپاہیوں کی تنخواہ میں اضافہ پیپلزپارٹی کے دور میں ہوا تھا، پیپلز پارٹی کا خاصہ ہے کہ ہم نہ سپاہی نہ کسی غریب کو لاوارث نہیں چھوڑتے ہیں۔
مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم بےنظیربھٹو تھی، شہید بےنظیر بھٹو نے ایک نہیں دو آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، آپ نے شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ دیا اور تاریخ رقم کی، ایک بار پھر آپ لوگوں نےپیپلزپارٹی کومضبوط بناناہے۔



















