آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کی کال پر میپکو ریجن میں مکمل ہڑتال، سی ای او میپکو کے کامیاب مذاکرات
آل پاکستان واپڈا ہائیڈروورکرز یونین کی کال پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری، سٹاف کی کمی، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجزملازمین کی مستقلی سمیت مطالبات کی منظوری کے لئے احتجاج کیا۔
ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب کے میپکو دفاتر میں مکمل ہڑتال رہی۔
ہائیڈرو ورکرز یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد خان کی قیادت میں ہزاروں ملازمین کا میپکو ہیڈ کوارٹر گراؤنڈ میں مطالبات کی منظوری کے لئے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ہائیڈرویونین کی قیادت اور میپکو حکام کے مذاکرات کامیاب رہے۔
میپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر اکرام الحق اور ہائیڈرویونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشیداحمد خان کے مابین ملاقات کے دوران مطالبات کی منظوری طے پاگئی۔
سی ای او میپکو نے کہا کہ ہڑتال اور احتجاج مسائل کا حل نہیں ہے، میپکو انتظامیہ ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔
ملازمین کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظوری کے کیسز جلد از جلد بھیجے جائیں گے۔
ہائیڈروورکرز یونین کی جانب سے پیش کردہ 18نکاتی مطالبات پر جلد عملدرآمد یقینی بنایاجائیگا۔
قبل ازیں ہائیڈرویونین کی کال پر میپکو ریجن کے 9 آپریشن سرکلز (13اضلاع) سے ہزاروں ملازمین بسوں، ٹرکوں، کاروں اور موٹرسائیکلوں پر میپکو ہیڈ کوارٹر پہنچے۔
میپکو ملازمین نجکاری نامنظور، خورشید تیرے جانثار بے شمار بے شمار، ہم نہیں مانتے، ظلم کے ضابطے کے نعرے لگارہے تھے۔
میپکو چیف ایگزیکٹو سے ملاقات کے بعد خورشید احمد خان نے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری ذوالقرنین شاہ، ریجنل چیئرمین غلام رسول گجر، ریجنل وائس چیئرمین چوہدری محمد خالد، ریجنل سیکرٹری سجاد احمد بلوچ، ریجنل چیئرمین (ریونیو) شکیل احمد بلوچ اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ میپکو گراؤنڈ میں ملازمین سے ملاقات کی۔
ریجنل چیئرمین چوہدری غلام رسول گجر نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین کے مطالبات کی منظوری جلد ہونے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
یونین مطالبات کی منظوری تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔
میپکو ذرائع کے مطابق مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد خان نے چار روز سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔
سی ای او میپکو سے تمام امور و معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے۔


















