پی ڈی ایم مہنگائی مکاؤ نہیں بلکہ کرپشن بچاؤ تحریک ہے:کرامت شیخ

پاک سرزمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل و صدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مہنگائی مکاؤ نہیں بلکہ کرپشن بچاؤ تحریک ہے ، جو جماعتیں باربار اقتدار میں آنے کے باوجود نہ مہنگائی ختم کر سکیں اور نہ ہی ملکی معیشت مستحکم ہو سکی ۔
ان سے آئندہ بھی خیر کی کوئی توقع نہیں اسی طرح موجودہ حکومت کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی پی ٹی آئی کے تین سالہ دور حکومت میں بائیس کروڑ غریب عوام پر مہنگائی،بجلی،پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے نے بدحالی کا شکار غریب عوام کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے، جو ملکی تاریخ کی بدترین مثال ہے۔
کرامت علی شیخ نے مزید کہا کہ آ ج بھی عوام کے پاس پی ایس پی کے باصلاحیت،دیانتدار اور پڑھے لکھے قائدین مصطفی کمال،انیس قائم خانی کی صورت میں بہترین موقع ہے کہ وہ ملک وقوم کو مزید مشکلات ومصائب سے بچانے کے لیے پی ایس پی کے شانہ بشانہ کھڑے ہو جائیں تاکہ ملک وقوم ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہو یا ن لیگ بڑی جماعتیں ہونے کے دعویداروں نے عوام کو کچھ نہیں دیا، جس کی زندہ مثال کراچی میں پیپلزپارٹی کے قافلے پر کراچی کی عوام کا عدم اعتماد پوری قوم کے سامنے منہ بولتا ثبوت ہے۔



















