Paid ad
Breaking NewsNationalSportsتازہ ترین

پی سی بی ہال آف فیم کا اعلان

بورڈ آف ڈائریکٹر پی سی بی نے پاکستان کرکٹ کی شہرہ آفاق شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئےانہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیےمتفقہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔

کورونا وائرس سے قبل سری لنکا اور بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان پر سابق کرکٹرز کے اعزاز میں گراؤنڈ میں تقاریب کے انعقاد اور پھر حال ہی میں کلینڈر ایئر 2020 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو پی سی بی ایوارڈز میں نوازنے کے بعد اب قومی کرکٹ کی نامور شخصیات کی خدمات کو سراہنے کے لیے یہ ایک نیا قدم اٹھایا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل چھ اراکین، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس کو پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آگے بڑھتے ہوئے ہر سال ( بشمول رواں سال ) مزید تین شخصیات پی سی بی ہال آف فیم میں شامل کی جائیں گی۔ان شخصیات کا انتخاب ایک آزاد پینل کرے گا۔

پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے والی نئی شخصیات کا اعلان ہر سال اکتوبر کی 16 تاریخ کو کیا جائے گا، یہ وہی دن ہے جب پاکستان نے سن 1952 میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔

بین الاقوامی کرکٹ سے کم از کم پانچ سال قبل ریٹائر ہونے والے کھلاڑی ہی پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت کے اہل ہوں گے۔

اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کا درجہ ملنے سے اب تک پاکستان نے بہت سےایسے لیجنڈری اور نامور کرکٹرز پیدا کیے ہیں کہ جنہوں نےنہ صرف شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ کو دنیا کے نقشے پر اجاگر کیا ہے بلکہ اپنی بھی ایک پہچان بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی ہال آف فیم بھی اپنے نامور کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف کرنے کا ایک انداز ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ابتدائی طور پر آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل چھ پاکستانی پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ ہوں گے، جس کے بعد ہر سال تین نئی شخصیات اس کا حصہ بنتی چلی جائیں گی۔

احسان مانی نے کہا کہ ابتدائی طور پر حنیف محمد، عمران خان،جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ ہوں گےاور ان شخصیات سے پی سی بی ہال آف فیم کا آغاز اس لیے بھی موزوں ہے کہ یہ تمام شخصیات کی اعلیٰ معیاری نے آئندہ نسلوں کوبہت متاثر کیا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button