‘امن کے فروغ میں با اثر خواتین کے کردار ” اور یوم دفاع کے حوالے سے سیمینارکا انعقاد

ایم این ایس زرعی یونیورسٹی اور ڈسٹرکٹ وویمن پیس فورم کے زیر اہتمام "امن کے فروغ میں با اثر خواتین کے کردار ” اور یوم دفاع کے حوالے سے سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔
یوم دفاع کے موقع پر ملی نغمے، جنگی نغمے، اور ڈرامے پیش کئے گئے۔
تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی(تمغہ امتیاز) اور ممبر پنجاب اسمبلی سبین گل تھیں۔
امن کے فروغ میں خواتین کے کرداراوریوم دفاع کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہاکہ پاکستان کو حاصل کرنے کیلئے لازوال قربانیاں دی گئیں، اور حاصل کرنے کے بعد اب تک قربانیاں دیتے آ رہے ہیں۔ یہ قوم زندہ دل اور جذبہ رکھنے والی قوم ہے۔
ہماری قوم کے پاک فوج کے نوجوان جو شہید ہوئے وہ مرے نہیں بلکہ پوری قوم کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں، افواج پاکستان اور عوام پاکستان کے خون کا ایک ایک قطرہ اس سر زمین کیلئے حاضر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی سبین گل نے کہاکہ ہماری قوم اور افواج کے نو جوان اپنی دھرتی کی طرف اٹھنے والی ہر انگلی کو توڑنے اور اس کی طرف دیکھنے والی ہر میلی آنکھ کو پھوڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جانیں وار دیتے ہیں، لیکن وطن عزیز پر آنچ نہیں آنے دیتے۔ پاکستان کی قوم اور اس کے نو جوان خودار ہیں ہماری افواج اور قوم نے 1965 میں پاک سر زمین کی خاطر افواج پاکستان اورعوام پاکستان نے ملکر دشمن کا مقابلہ کیا، اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہاکہ معاشرے میں امن، برداشت، قبولیت خواتین کی تربیت کے بغیر ممکن نہیں اور با اثر خواتین جس طرح عدم برداشت رویے کو کنٹرو ل کرنے میں معاون ہو سکتی ہیں، اس سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ مل سکتا ہے۔
ڈی او ایجو کیٹر ڈاکٹر شمیم اختر سیال نے معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مس سبین گل ڈسٹرکٹ وویمن پیس فورم کے قیام جیسے ا قدام کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں معاشرے کی بہتری کیلئے ایک دوسرے کو برادشت کرنا چاہیے اور امن کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد اشفاق، ڈاکٹر مرزا عبدالقیوم، ڈاکٹر نگہت، ڈاکٹر عثمان جمشیدسمیت دیگر فیکلٹی اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔



















