قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں، چار کروڑ کی کمرشل اراضی واگزار

ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے قبضہ مافیا کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا ہے۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز مختلف کارروائیوں میں 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کئی کنال کمرشل اراضی واگزار کراکے پختہ تعمیرات مسمار کردی گئیں۔
آپریشن میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اور اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر کی سربراہی میں قائم خصوصی سکواڈ نے حصہ لیا۔
پہلی کارروائی تحصیل ملتان کے علاقے موضع سیتل ماڑی میں کی گئی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اور اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آپریشن کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے دو کنال سے زائد سرکاری کمرشل اراضی پر قائم غیر قانونی دکانیں اور تعمیرات مسمار کرکے سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
آپریشن میں پولیس و سول ڈیفنس کی بھاری نفری اور ضلعی اداروں نے حصہ لیا۔
دوسری کارروائی کے دوران تحصیل صدر کے علاقے علی ٹاؤن میں 2 کروڑ روپے کی کمرشل اراضی واگزار کرائی گئی، اور موقع پر بھاری مشینری کے ساتھ 2 کنال 18 مرلہ سرکاری اراضی پر تعمیرات مسمار کرکے سرکاری قبضہ بحال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اور اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر نے کہا کہ ایک ایک انچ سرکاری اراضی قابضین کے قبضے سے واگزار کرائی جائے گی۔ اب تک ضلع ملتان میں اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرائی جاچکی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر عدنان بدر کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سرکاری اراضیوں پر قبضوں کا ریکارڈ مرتب کیا جارہا ہے، جس کے بعد بڑے قابضین کے خلاف موثر حکمت عملی کے تحت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی قابضین سے اراضی واگزار کرانے کیلئے مکمل ریاستی طاقت استعمال کی جائے گی۔



















