Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو رد کرتے ہیں:آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشمیر ایک کلیدی مسئلہ ہے، اور ہم کشمیر کے بارے میں بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو رد کرتے ہیں۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدرِ مملکت عارف علوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جب کہ تقریب میں تینوں سروسز چیف اورکابینہ کے ارکان بھی شریک تھے۔
صدر مملکت نے آرمی چیف کے ہمراہ یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے، اور فاتحہ خوانی کی۔
اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب میں شہدا کے لواحقین، غازی، حاضر سروس او ر ریٹائرڈ عسکری حکام اورجوان بھی شریک ہوئے۔
مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر آزمائش میں افواج پاکستان نے ثابت کیا ہےکہ ہر حالت میں ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، اس کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن شہدا اور ان کے ورثاء کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے اپنے پیاروں کی جو قربانی دی اس کی پوری قوم مقروض ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دشمن ہمیں آزمانا چاہتا ہے تو ہر لمحہ اور ہر محاذ پر پائے گا، ہم نے ہر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، تمام اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنایا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاک فوج اور قوم کے رشتے نے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا، عوام کے تعاون کے بغیر کوئی بھی فوج ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہے جیسے ہمسایہ ملک میں دیکھا، فوج کی کامیابی بڑی حد تک عوام کی حمایت پر منحصر ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ کچھ لوگ ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال ہورہے ہیں، اس کا مقصد پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنا ہے، ایسے منفی عزائم کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button