شاہین شاہ آفریدی کو شاہد آفریدی کا نمبر مل گیا

قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے کی نئی کٹ میں شاہد آفریدی کا نمبر ملنے پر خوشی کا اظہارکیا ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کی ون ڈے کٹ کی رونمائی کی گئی، قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں نئی کٹ زیب تن کرے گی۔
پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا پر نئی کٹ کی تصاویر شیئر کی گئیں، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قومی ٹیم کی کٹ گہرے اور ہلکے سبز رنگ پر مشتمل ہے۔
نئی کٹ میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی شرٹ کا نمبر 10 ہے ، جو اس سے قبل سابق کپتان شاہد آفریدی کی شرٹ کا نمبر ہوا کرتا تھا۔
ٹویٹر پر شاہین شاہ آفریدی نے نئی کٹ کی دو تصاویر بھی شیئر کیں ، جس میں ان کی شرٹ پر 10 نمبر موجود ہے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ یہ صرف ایک شرٹ نمبر نہیں، یہ ایمانداری، خود داری اور پاکستان سے بے پناہ محبت کی نمائندگی کرتا ہے، مجھے فخر ہے کہ اب میں لالہ (شاہد آفریدی) کے 10 نمبر والی شرٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔


















