انسداد منشیات کی سات روزہ مہم اختتام پذیر، 48 گھنٹوں میں جنوبی پنجاب میں 224 اشتہاری ملزمان گرفتار

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کے حکم پر جنوب کے تین پولیس ریجن میں انسداد منشیات کی سات روزہ مہم اختتام پذیر، مختلف اقسام کی منشیات کی بھاری مقدار برآمد ملزمان گرفتار مقدمات درج کر لئیے گئے ۔
امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کی 15 روزہ گرفتاری مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے۔
اس سلسلہ میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان ستارہ امتیاز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ترجیحات کے مطابق امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں ، جن میں منشیات فروشی کا قلع قمع اور اشتہاریوں کی گرفتاری سرفہرست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اشتہاریوں،عدالتی مفروروں کے خلاف جاری 15 روزہ مہم کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں جنوبی پنجاب میں 224 اشتہاری ملزمان گرفتار کر لئے گئے اور پولیس نے 123 عدالتی مفروروں کو بھی گرفتار کر لیا ۔
اسی طرح دو فوجی مفرور گرفتار کر کے متعلقہ حکام کے حوالے کئے گئے ،کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں منشیات کے خلاف سات روزہ مہم میں 609 مقدمات درج ہوئےمنشیات کے خلاف مہم میں798 کلوگرام چرس، 11873 لیٹر شراب، شراب کی 38 چالو بھٹیاں، 2630 لیٹر لاہن 9 کلو گرام ہیروئن، 6 کلو سے زائد افیون، 27 کلو گرام بھنگ، ساڑھے چھ کلو پوست برآمد کی گئی ہے۔
پولیس منشیات سے پاک معاشرے کے لیے کوشاں ہے


















