ضلعی انتظامیہ کی کاروائیاں : 10 گراں فروش گرفتار ، 15 دکانیں سیل، 5 مقدمات درج

حکومت پنجاب کی ہدایت پر عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ ملتان نے گزشتہ روز 10 گراں فروش گرفتار کرکے 15 دکانیں سیل کردیں، جبکہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر 5 مقدمات درج کرکے ایک لاکھ سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے گرفتار گراں فروشوں کو پرائس ایکٹ کے تحت حوالات بھی بھجوادیا گیا ہے، سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن اور اسسٹنٹ کمشنرز نے مخلتف علاقوں میں چھاپے مارے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر پولٹری کی قیمتوں کی خصوصی انسپکشن بھی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ضلع کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو کارروائی کیلئے تھانے تقویض کر دیے گئے ہیں۔ رواں ماہ 16 ہزار انسپکشن، 69 مقدمات درج کرکے 29لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا ۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عام آدمی کو مہنگائی سے بچانے کا ٹاسک دیا ہے، عوام سرکاری نرخوں پر خریداری کرکے مہنگائی مافیا کی حوصلہ شکنی کریں ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منڈیوں سے سستے داموں اشیاء خوردونوش کی ترسیل یقینی بنائی جارہی ہے ، چکن کی قیمتوں میں استحکام کیلئے پرائس میکنزم بھی تشکیل دیا جارہا ہے۔


















