ملکی تاریخ میں پہلی بار سکول ہاکی لیگ کا آغاز کردیا گیا

ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کے احیاء اور اس کے فروغ کے لئے انڈر لیگ سسٹم کے تحت ہاکی میچوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
سکول ہاکی لیگ کے تحت جنوبی پنجاب کے 3 ڈویژنز ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان میں ہاکی میچ کھیلے جائیں گے۔ 11 اضلاع کی ہاکی ٹیمیں ایونٹ میں شامل ہوں گی۔ ہاکی میچ انٹر سکول، انٹر تحصیل اور انٹر ڈسٹرکٹ لیول پر کھیلے جائیں گے۔
سکول ہاکی لیگ کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے گزشتہ روز بہاول پور کا دورہ کیا، اور مطیع اللہ خان ہاکی اسٹیڈیم میں مختلف سکولوں کی ہاکی ٹیموں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر احتشام انور مہار نے کہا کہ سکول ہاکی لیگ کے انعقاد سے گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ ڈھونڈنے میں مدد ملے گی۔


















