تمام کپتانوں کی تماشائیوں سے نیشنل ٹی ٹونٹی کو سپورٹ کرنے کی تاکید

نیشنل ٹی ٹونٹی میں شریک تمام کپتانوں نے تماشائیوں کو نیشنل ٹی ٹونٹی کو اسپورٹ کرنے کی تاکید کی ہے۔
23 ستمبر سے 13 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کی قیادت بابراعظم، ناردرن کی شاداب خان، دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کی محمد رضوان، جی ایف سی سندھ کی سرفراز احمد، بلوچستان کی امام الحق اوراے ٹی ایف سدرن پنجاب کی صہیب مقصود کریں گے۔
یہ ٹورنامنٹ قومی کھلاڑیوں کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت فراہم کرے گا۔
میگا ایونٹ کے لیے اعلان کردہ پندرہ رکنی قومی اسکواڈ سمیت تینوں ریزرو کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں اپنی اپنی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کریں گے۔
ایونٹ کا پہلا مرحلہ راولپنڈی اور دوسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 23 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والا پہلا مرحلہ 3 اکتوبر تک جاری رہے گا، جہاں کُل 18 میچز کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 6 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا، جہاں فائنل سمیت کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنلز 12 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ میں مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ روپے جبکہ رنرزاپ کو پچیس لاکھ روپےبطور انعام دیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو ایک ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔ہر میچ کے بہترین کھلاڑیوں کو پچیس ہزار روپے جبکہ پلیئر آف دی فائنل کو پینتیس ہزار روپے بطور انعام دیا جائے گا۔
اس موقع پر تمام ٹیموں کے کپتانوں نے اپنے اسکواڈز کو متوازی قرار دیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ ایونٹ میں سنسنی خیز میچز کھیلے جائیں گے، جہاں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملے گا۔
سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم کا کہناہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی میں ہمیشہ اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیلنے کو ملتی ہے۔ پنڈی اسٹیڈیم کی شاندار پچز سے اس کا معیار مزید بلند ہوگا۔ امید ہے کہ شائقین کرکٹ پرجوش انداز میں اسٹینڈز کا رخ کریں گے جس سے ایونٹ میں مقابلے کی فضاء بڑھے گی۔
بلوچستان کے کپتان امام الحق کا کہنا ہے کہ 23 ستمبر سے شروع ہونے والا نیشنل ٹی ٹونٹی منی پی ایس ایل کی حیثیت اختیار کرگیا ہے، جہاں پاکستان کے تمام کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے پرجوش تماشائی ہمیشہ معیاری کھیل اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ اندازہ ہے کہ فی الحال وہ مایوس ہیں مگر درخواست ہے کہ وہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کو اسپورٹ کرنے اسٹیڈیم کا رخ کریں تاکہ نیشنل ٹی ٹونٹی کو چار چاند لگ جائیں گے۔
خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ٹائٹل کے کامیاب دفاع کے لیے پرعزم ہے ناردرن کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ساری کرکٹ راولپنڈی سے ہی کھیلی ہے اور وہ اس گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے کے لیےہمیشہ بہت پرجوش رہتے ہیں۔ ہمارا اسکواڈ بہت متوازی ہے۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں باؤلرز کا کردار بہت اہم ہوتا ہے اور ہماری باؤلنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے، کوشش ہے کہ اپنی طاقت پر کرکٹ کھیلیں ۔
سندھ کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ نے ہمیشہ پاکستان کرکٹ کی حوصلہ افزائی کی ہے اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود تماشائی نیشنل ٹی ٹونٹی کو بھرپور انداز سے اسپورٹ کریں گے۔
کپتان سدرن پنجاب صہیب مقصود نے کہا کہ ان کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور انہیں اپنی ٹیم سے ایونٹ میں بہترین کھیل کی توقع ہے۔صہیب مقصود پرامید ہیں کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں موجود تماشائی کرکٹ تمام ٹیموں کو بھرپور اسپورٹ کریں گے، کیونکہ ہر ٹیم میں پاکستان کے بہترین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔


















