کاشتکار گلابی سنڈی کے حملے سے ہوشیار، پیسٹ اسکاؤٹنگ کا عمل جاری رکھیں: ڈاکٹر زاہد محمود

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود نے کپاس کے کاشتکاروں کے نام اپنے اہم پیغام میں کہا ہے کہ وہ اس وقت گلابی سنڈی کے حملے سے پوری طرح ہوشیار رہیں ، اور ہفتہ میں دو سے تین بار پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل جاری رکھیں۔
کپاس کی فصل پر گلابی سنڈی کا حملہ جاننے کے لئے کاشتکار کپا س کے کھیتو ں سے 14سے 28دن کے 100عدد سبز ٹینڈ ے تو ڑلیں۔ یہ ٹینڈے نہ ہی زیا دہ نرم ہو ں اور نہ ہی زیا دہ سخت ہو ں۔ توڑے گئے ٹینڈوں کو دو یا تین دن کے لئے سایہ دار جگہوں پر رکھ دیا جائے۔اس کے بعد ان ٹینڈو ں کو لمبا ئی کے رخ کاٹ کر ان میں مو جو د گلا بی سنڈیا ں یا ان کا نقصان گن لیں۔اگر تعداد معاشی نقصان کی حد تک پہنچ جا ئے تو بلا تا خیر منا سب حشرات کش ادویا ت کا چھڑ کا ؤ کریں۔
ڈاکٹر زاہد کا کہنا تھا کہ گلابی سنڈی سنڈی پھول میں داخل ہو کر اس کی پتیوں کے سروں کو اپنے منہ سے نکلنے والے لعاب سے خوبصورتی سے بند کر لیتی ہے جس سے وہ مدھانی نما شکل اختیار کرلیتے ہیں لیکن جب فصل پر ٹینڈے بنتے ہیں تو یہ چھوٹے نرم ٹینڈوں میں سوراخ کر کے داخل ہوجاتی ہے اور اندر ہی اندربیجوں کو کھاتی رہتی ہے۔ٹینڈے میں سوراخ بند ہوجاتا ہے۔ متاثرہ ٹینڈا نرم ہو جاتا ہے۔
ڈاکٹر زاہد محمود نے بتایا کہ کاشتکار گلابی سنڈی کی مینجمنٹ کے لئے پھندے8 فی ایکڑ کے حساب سے کھیت میں لگائیں اور ان میں لگے کیپسول کو 15تا20 دن بعد تبدیل کریں، جبکہ گلابی سنڈی کے حملہ کے بڑھنے کی صورت میں کاشتکار سات دن کے وقفہ سے تین لگاتار زرعی زہروں کا استعمال کریں۔
کاشتکار پہلا سپرے سپنٹورام بحساب 100ملی لٹریا گیما سائی ہیلوتھرین بحساب100ملی لٹر فی ایکڑ بحساب 100لٹر پانی کی مقدار میں حل کرکے سپرے کریں۔
دوسرا سپرے کاشتکار پہلے سپرے کے7دن بعد کریں اور جن کاشتکاروں نے پہلا سپرے اگر سپنٹورام کا کیا ہے تو دوسرا گیما سائی ہیلو تھرین کا کریں اور اگر پہلا سپرے گیما سائی ہیلو تھرین کا کیا گیا ہو تو پھر دوسرا سپرے سپنٹورام کا کریں اور دوائی کی مقدار وہی رکھیں جو پہلے سپرے کے لئے تجویز کی گئی ہے جبکہ پانی مقداروہی100لٹر رکھی جائے جبکہ تیسرا اور آخری سپرے کاشتکار دوسرے سپرے کے بعد 7دن کے وقفہ سے سائپرمیتھرین+پروفینوفاس600ملی لٹر یا ٹرائی ایزوفاس+ڈیلٹا میتھرین600ملی لٹر فی ایکڑ بحساب 100لٹر پانی کی مقدار میں حل کرکے سپرے کریں۔


















