سات روز میں 1058 اشتہاری ملزمان اور 589 عدالتی مفرور گرفتار

جنوبی پنجاب میں امن و امان قائم رکھنے اور جرائمکی شرح میں کمی کے لیے اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان کے حکم پر جاری 15 روزہ مہم میں اب تک جنوبی پنجاب کی تینوں پولیس رینج ملتان،بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں مہم کے پہلے سات روز میں 1058 اشتہاری ملزمان اور 589 عدالتی مفرور گرفتار کئے جا چکے ہیں، اس مہم کے دوران اے کیٹیگری کے 77 اور بی کیٹیگری کے 981 ملزمان جبکہ اے کیٹیگری کے 19 اور بی کیٹیگری کے 570 عدالتی مفرور گرفتار ہو چکے ہیں ۔
جنوبی پنجاب میں بڑی تعداد میں گرفتاریوں سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مہم میں مزید تیزی لائیں، اور جرائم پیشہ اشتہاریوں کو قانون کی گرفت میں لا کر شہریوں کے احساس تحفظ کو تقویت دیں۔


















